بنگلورو:25/مئی(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کی کانگریس حکومت کے ذریعہ کبھی دلتوں کا بھلا نہیں ہوسکتا۔آج ہبلی میں دلتوں کے ساتھ ایک مذاکرہ کے دوران انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر بی آر امبیڈ کر کے ساتھ کانگریس نے انتہائی غیر منصفانہ سلوک کیا ہے۔ راجگھاٹ میں ان کی آخری رسومات کے لئے موقع بھی کانگریس نے فراہم نہیں کیا۔اب دلتوں کی فلاح وبہبود کا دعویٰ کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک اور دلت رہنما بابو جگ جیون رام کو کانگریس نے عہدہئ وزیراعظم سے دانستہ طور پر محروم کیا اور اب دلتوں کی فلاح کا دعویٰ کررہی ہے۔جبکہ موجودہ وزیراعظم نریندر مودی ملک بھر میں دلتوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں جب بی جے پی برسر ا قتدار رہی تو اس نے دلتوں کی فلاح وبہبود کیلئے کئی غیر معمولی قدم اٹھائے۔انہوں نے دلتوں سے اپیل کی کہ سدرامیا کو اقتدار سے بے دخل کریں اور ان کی فکر مند بی جے پی کو اقتدار پر لائیں۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر، رکن پارلیمان پرہلاد جوشی، سابق وزیر پی ٹی روی موجود تھے۔یڈیورپا نے اس موقع پر کہاکہ ریاست کاانتظامیہ اب اندھا دربار ہوچکا ہے۔ خشک سالی سے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت پر فنڈز مہیا کرانے میں ناکام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دس ہزار کروڑ روپیوں کی رقم اب تک کسانوں کو ادا نہیں کی گئی ہے، جبکہ ریاست کا خزانہ کھلے عام لوٹا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کی مدد کے نام پر ان کے جذبات کو مجروح کیاجارہاہے۔ یہ سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔